گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی کے کنٹینر پر فائرنگ، عمران خان، فیصل جاوید و دیگر زخمی

admin
admin 3 نومبر, 2022
Updated 2022/11/03 at 1:38 شام
305333 4957395 updates
305333 4957395 updates






گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے کنٹینر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں عمران خان سمیت تحریک انصاف کے 4 رہنما زخمی ہوگئے۔

زخمی ہونے والوں میں سینیٹر فیصل جاوید بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ حامد ناصر چٹھہ کے صاحبزادے احمد چٹھہ اور چوہدری محمد یوسف بھی زخمی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ احمد چھٹہ کی حالت تشویش ناک ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کو شوکت خانم اسپتال لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق گوجرانوالہ میں اللہ والا چوک میں پی ٹی آئی کےاستقبالیہ کیمپ کے قریب عمران خان کے مرکزی کنٹینر پر فائرنگ کی گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس  پھیل  گیا اور بھگدڑ مچ گئی جب کہ موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو فوری طور پر حراست  میں لے لیا۔

حملہ آور کا پولیس کو بیان

حملہ آور نے پنجاب پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ اس نے عمران خان کو مارنے کی کوشش اس لیے کی کیوں کہ اس کے مطابق عمران خان لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔ اس نے مزید کہا کہ میرے پیچھے کوئی نہیں اور نہ ہی کوئی اس کے ساتھ ہے اس نے اکیلے ہی یہ کام کیا ہے۔

حملہ آور نے کہا کہ عمران خان لوگوں کو گمراہ کررہے تھے، مجھ سے دیکھا نہیں گیا، میں نے مارنے کی کوشش کی،صرف عمران خان کو مارنے کی کوشش کی اور کسی کو نہیں، جس دن سے یہ لاہور سےنکلے اس دن سے میں نے یہ سب سوچا ہوا تھا۔

سیاہ کوٹ پہنا شخص فائرنگ کر رہا ہے جب کہ ٹی شرٹ پہنا ہوا شخص اسے روکنے کی کوشش کر رہا ہے—اسکرین گریب
سیاہ کوٹ پہنا شخص فائرنگ کر رہا ہے جب کہ ٹی شرٹ پہنا ہوا شخص اسے روکنے کی کوشش کر رہا ہے—اسکرین گریب

اللہ والا چوک پر فائرنگ کےبعد سکیورٹی اہلکار فوری طور پر عمران خان کے پاس پہنچ گئے اور انہیں حصار میں لے کر بلٹ پروف جیکٹ ان کے سامنے کردیے، چیئرمین پی ٹی آئی گولی لگنے سے زخمی ہوئے ہیں جس کے بعد انہیں کنٹینر سے بلٹ پروف گاڑی میں اسپتال منتقل کردیا گیا، اسپتال منتقلی کے دوران عمران خان کے پاؤں میں پٹی بندھی ہوئی بھی دیکھی گئی۔

فیصل جاوید خان کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جبکہ دوسری جانب زخمی عمران خان کنٹینر سے بلٹ پروف گاڑی میں منتقل ہوتے ہوئے کارکنوں کو ہاتھ ہلا کر اپنی خیریت کا بتا رہے ہیں— فوٹو: اسکرین گریب
فیصل جاوید خان کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جبکہ دوسری جانب زخمی عمران خان کنٹینر سے بلٹ پروف گاڑی میں منتقل ہوتے ہوئے کارکنوں کو ہاتھ ہلا کر اپنی خیریت کا بتا رہے ہیں— فوٹو: اسکرین گریب 

ذرائع کا کہنا ہےکہ عمران خان کی بائیں ٹانگ میں گولی لگی ہے جب کہ پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید بھی زخمی ہوئے ہیں، اس کے علاوہ حامد ناصر چٹھہ کے صاحبزادے احمد چٹھہ اور چوہدری محمد یوسف بھی زخمی  ہیں۔

فائرنگ سے مجموعی طور پر 6 افراد زخمی ہوئے: اسد عمر

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصل جاوید کو گولی لگی ہے اور احمد چٹھہ شدید زخمی ہوئے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ فائرنگ سے مجموعی طور پر 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

عمران خان کو بائیں ٹانگ میں تین گولیاں لگی ہیں: عمران اسماعیل

سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ عمران خان کو بائیں ٹانگ میں تین گولیاں لگی ہیں۔

ذرائع کے مطابق حملہ آور نے پہلے برسٹ چلایا پھر ایک گولی چلائی،  حملہ آور نے کالے رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے۔

چہرے کے پاس سے گولی چھوتے ہوئے گزری: فیصل جاوید

فائرنگ میں سینیٹر فیصل جاوید خان بھی زخمی ہوئے۔ پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چہرے کے پاس سے گولی چھوتے ہوئے گزری،ساتھیوں کی فکر ہے ۔

تحریک انصاف کے رہنما احمد چٹھہ بھی زخمی ہونے والوں میں شامل ہیں — فوٹو: فائل
تحریک انصاف کے رہنما احمد چٹھہ بھی زخمی ہونے والوں میں شامل ہیں — فوٹو: فائل 

بعد ازاں اسپتال کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل جاوید خان نے کہا کہ عمران خان خیریت سے ہیں، ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔  اس واقعے کی انکوائری ہونی چاہیے، ہمارے حوصلے بلند ہیں، آزادی کی تحریک اب رکے گی نہیں، عمران خان خیریت سے ہیں، سب ساتھیوں کیلئے دعا ہے۔

7 زخمی اور ایک لاش اسپتال لائی گئی: ایم ایس ٹی ایچ کیو اسپتال

ایم ایس ٹی ایچ کیو اسپتال کا کہنا ہے کہ 7 زخمی اور ایک لاش اسپتال لائی گئی تھی، تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پنجاب پولیس کی جانب سے لانگ مارچ انتظامیہ کو خطرے سے آگاہ کیے جانے کا انکشاف

اس حملے کے بعد پنجاب پولیس کی سکیورٹی اور عمران خان کی ذاتی سکیورٹی پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

اب یہ اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ پنجاب پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی لانگ مارچ انتظامیہ کو خطرے سے آگاہ کردیا گیا تھا، پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو تحریری طور پر تھریٹ سے متعلق آگاہ کیا۔

اطلاعات کے مطابق عمران خان کے چیف سکیورٹی آفیسر کو تحریری طور پر بھی خطرے سے آگاہ کیا گیا تھا، تھریٹ الرٹ یکم نومبر کو جاری کیا گیا تھا۔

اس آرٹیکل کو شیئر کریں۔
ایک تبصرہ چھوڑیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے