عامر لیاقت کی اہلیہ دانیہ شاہ نے خلع کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا؟

imran
imran 9 مئی, 2022
Updated 2022/05/09 at 5:37 صبح
62765bec6efe6
62765bec6efe6

خبریں ہیں کہ رکن قومی اسمبلی، ٹی وی میزبان اور اسکالر عامر لیاقت حسین کی تیسری اہلیہ سیدہ دانیہ شاہ نے خلع کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی۔

ٹوئٹر پر متعدد صحافیوں اور صارفین نے سیدہ دانیہ شاہ کی جانب سے صوبہ پنجاب کے شہر بہاول پور کی عدالت میں دائر کردہ تنسیخ نکاح کی مبینہ کاپی شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ نے بھی خلع کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

صحافی ارشد چوہدری نے دانیہ شاہ کی جانب سے دائر کردہ مبینہ تنسیخ نکاح کی کاپی شیئر کی، جس میں انہوں نے عامر لیاقت سے 11 کروڑ 51 لاکھ 50 ہزار روپے کا حق مہر بھی دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

مبینہ تنسیخ نکاح کی کاپی میں دانیہ شاہ نے عدالت سے عامر لیاقت سے نان و نفقہ کی مد میں ماہانہ ایک لاکھ روپے بھی دلوانے کی درخواست کی ہے۔

انہوں نے درخواست میں کراچی کے علاقے خداداد کالونی میں 11 کروڑ روپے کے گھر، 45 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی اور چار لاکھ روپے مالیت کا سونا یا ان اشیا کی رقم دلوانے کی استدعا بھی کی ہے۔

دانیہ شاہ کی جانب سے دائر کردہ درخواست کی مبینہ کاپی کو دیگر صحافیوں اور ٹوئٹر صارفین نے بھی شیئر کیا اور دعویٰ کیا کہ عامر لیاقت سے خلع کے لیے ان کی تیسری اہلیہ نے عدالت سے رجوع کرلیا۔

دوسری جانب صحافی مقدس فاروق اعوان نے بھی دانیہ شاہ کی ایک مختصر ویڈیو ٹوئٹ کی، جس میں انہوں نے تصدیق کی کہ وہ عامر لیاقت سے علیحدگی حاصل کرنے کے لیے عدالت گئی تھیں۔

مختصر ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ لوگوں کو مزید معلومات خبروں کے ذریعے مل جائے گی، یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ ویڈیو دانیہ شاہ نے کب بنائی، تاہم صحافی نے اسے 7 مئی کی سہ پہر کو شیئر کیا۔

دانیہ شاہ کی جانب سے خلع کے لیے عدالت سے ایک ایسے وقت میں رجوع کیا گیا ہے جب کہ گزشتہ ماہ اپریل کے آغاز میں بھی عامر لیاقت اور ان کے درمیان علیحدگی کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

گزشتہ ماہ اپریل کے آغاز میں دانیہ شاہ اور عامر لیاقت نے اپنی مختصر ویڈیوز میں علیحدگی کی خبروں کو مسترد کردیا تھا، تاہم سوشل میڈیا پر مسلسل دعوے کیے جا رہے تھے کہ دونوں کے درمیان علحدگی ہوچکی۔

دونوں کے درمیان اختلافات اور علیحدگی کی خبریں شادی کے محض 3 ماہ بعد ہی سامنے آئی ہیں۔

دونوں نے فروری کے پہلے ہفتے شادی کرنے کی تصدیق کی تھی، دانیہ شاہ اسکالر عامر لیاقت حسین سے 31 سال کم عمر ہیں۔

دانیہ شاہ کی عمر 18 سال جب کہ عامر لیاقت حسین کی عمر 49 برس ہے۔

عامر لیاقت کی دانیہ شاہ سے شادی سے قبل ان کی پہلی دو شادیاں بھی طلاق پر ختم ہوئی تھیں۔

عامر لیاقت سے دوسری اہلیہ طوبیٰ انور نے فروری 2022 میں خلع لینے کی تصدیق کی تھی، انہوں نے جولائی 2018 میں ان سے شادی کی تھی۔

اس سے قبل ڈاکٹر بشریٰ نے دسمبر 2020 میں عامر لیاقت سے طلاق ہوجانے کی بھی تصدیق کی تھی۔

عامر لیاقت کی دوسری اہلیہ طوبیٰ انور بھی ان سے کئی سال کم عمر تھیں جب کہ پہلی اہلیہ سے انہیں دو جواں سالہ بچے ہیں، جن میں سے بیٹی اور بیٹا ہیں، جن کی عمریں 20 سال سے زائد ہیں۔

دانیہ شاہ کے سنگین الزامات

سیدہ دانیہ شاہ نے عامر لیاقت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اسکالر انہیں چار چار دن تک کمرے میں بند کرکے رکھا، انہیں کھانا تک نہیں دیتے تھے۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ عامر لیاقت انہیں ساری ساری رات جگاتے، انہیں بہت ذلیل و خوار کرتے تھے۔

سیدہ دانیہ شاہ نے الزام عائد کیا کہ عامر لیاقت نے ان پر تشدد کیا، ان کا گلا دبایا اور انہیں گولی مارنے کی دھمکی بھی دی جب کہ میڈیا کی کوئی بات بری لگنے پر وہ ان پر غصہ اتارتے تھے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر انہیں یا ان کے اہل خانہ سمیت ان کے بھائی کو کسی طرح کا کوئی بھی نقصان ہوگا تو اس کا ذمہ دار عامر لیاقت کو سمجھا جائے۔

نجی ٹی وی چینل کی جانب سے دانیہ شاہ کی عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست کی کاپی بھی نشر کی گئی، جس میں انہوں نے عامر لیاقت حسین پر انتہائی سنگین اور شرم ناک الزامات عائد کیے۔

انہوں نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا کہ عامر لیاقت انہیں بیرون ملک کے لیے فحش ویڈیوز بھیجنے کا مطالبہ کرتے تھے، انہیں غیر محرم مرد حضرات کے سامنے آنا کا کہتے تھے جب کہ وہ آئس کے نشے سمیت دیگر اقسام کا نشہ بھی کرتے تھے۔

اپنی درخواست میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی جانب سے فحش ویڈیوز بنانے کے انکار پر عامر لیاقت حسین انہیں پانچ پانچ دن تک کمرے میں بند کردیتے تھے

دونوں کی عمر میں 31 سال کا فرق ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اس آرٹیکل کو شیئر کریں۔
ایک تبصرہ چھوڑیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے